ابنا: آج مصر کے انقلاب کی دوسری سالگرہ کی مناسبت سے صدر محمد مرسی نے ملک کے تمام عوامی طبقات سے مظاہروں میں شرکت کی اپیل بھی کی۔مرسی نے یہ اپیل ایسے حالات میں کی کہ مصرمیں گزشتہ چند روز کے دوران ہونے والی جھڑپیں تشویش کا باعث بنی ہیں خاص طور سے اس لئے کہ مصری عوام اس وقت ملک کے حکمراں سیاسی نظام کے مخالف اور حامی دو گروپوں میں تقسیم ہوگئے ہیں۔مصر کے حکمراں سیاسی نظام کے مخالفین نے گزشتہ شب دارالحکومت قاہرہ کے التحریر چوک پر اجمتاع کیا۔اگرچہ انہوں نے حکومت کی مخالفت یا حمایت میں کوئي نعرہ بلند نہیں کیا لیکن بہت سے سیاسی حلقوں کے مطابق یہ خاموشی اپنے آپ میں کسی طوفان سے پہلے کی خاموشی ہوسکتی ہے کیونکہ موصولہ خبروں کے مطابق حکومت کے مخالفین اور حامیوں نے گزشتہ روز قاہرہ میں ایک سرکاری ادارے کی عمارت پر حملہ کرکے اس کو آگ لگادی۔
اگر مصر کے سیاسی منظر نامے پر نگاہ ڈالی جائے تو یہ چیز واضح طور پر نظر آتی ہے کہ اس ملک کو اس وقت حساس صورت حال کا سامنا ہے۔حساس اس لئے کہ مصر کے لوگوں اور مختلف سیاسی گروپوں کے مابین انقلاب کے زمانے میں جو اتحاد و یکجہتی پائي جاتی تھی وہ اب ندارد ہے۔مصری معاشرے میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں اور بعض سیاسی گروپوں کی طرف سے جزوی مسائل کو اٹھایا جارہا ہے جس کی وجہ سے ملک کو سیکورٹی اور سیاسی استحکام کے لحاظ سے خطرات لاحق ہیں۔
اگرچہ مصری حکومت نے سیاسی گروپوں اور حکومت کے نظریات کو ایک دوسرے سے نزدیک کرنے کے لئے قومی مذاکرات کا طریقہ پیش کیا لیکن اس طریقے سے بھی مصری مشکلات میں کمی واقع نہیں ہوئی۔مصر میں سیاسی اور سماجی مسائل کے جاری رہنے کی وجہ سے مصری حکام نے حالیہ مہینوں میں انقلاب کے نتیجے میں قائم ہونے والے سرکاری اور سیاسی اداروں کی تقویت اور عوام کی معاشی حالت کی بہتری کی کوشش کے بجائے ملک میں پیدا ہونے والے چزوی مسائل پر توجہ مرکوز کی ہے۔ ان مسائل میں سیاسی نظام کے خلاف اور حمایت میں ہونے والے مظاہرے بھی شامل ہیں جن کے دوران بعض اوقات جھڑپیں بھی ہوئي ہیں البتہ یہ مسئلہ بعض ایسے گروپوں کا پیدا کردہ ہے جو انقلاب سے خوش نہیں ہیں یا مصر کے نئے سیاسی نظام میں خود کو الگ تھلگ دیکھ رہے ہیں۔بہرحال جوچیز ناقابل انکار ہے وہ یہ ہے کہ بحرانی صورت حال کا جاری رہنا مصر کے عظیم عوامی انقلاب کے لئے ایک مصیبت سے کم نہیں ہے۔
دریں اثنا اخوان المسلمین نے مصری معاشرے میں ایک خاص مقام و مرتبے کی حامل جماعت کی حیثیت سے ملک میں رونما ہونے والے حالیہ بدامنی کے واقعات کے بارے میں متنبہ کرتے ہوئے تمام مصری عوام سے پرامن طور پر مصری انقلاب کی دوسری سالگرہ منانے پر تاکید کی۔مصری انقلاب کی دوسری سالگرہ کے لئے اخوان المسلمین " مصر کی تعمیر کے لئے سب کا اتحاد "نعرہ دیا۔اس نعرے پر عمل درآمد مصر کے بدامنی کا شکار معاشرے کے لئے صرف ایک ضرورت نہیں ہے بلکہ مصر کے نئے سیاسی عمل میں پیش رفت اور موجودہ بحرانی صورت حال کے خاتمے کا واحد راستہ بھی ہے۔.......
/169